📅 منگل، 16-06-2026 فیس بک یوٹیوب
ڈیلی اکثریتDaily Aksriyat
سچائی کی آواز — تازہ ترین خبریں اور روزنامہ
تازہ ترین

قطر کا دعویٰ: اسرائیل نے دوحہ پر فضائی حملے پر معافی مانگ لی اور دوبارہ نہ دہرانے کی یقین دہانی کرائی

🗓 30 Sep 2025
قطر کا دعویٰ: اسرائیل نے دوحہ پر فضائی حملے پر معافی مانگ لی اور دوبارہ نہ دہرانے کی یقین دہانی کرائی
قطر کی وزارت خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے دوحہ پر فضائی حملے پر معافی مانگی ہے اور آئندہ ایسے حملے نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قطر کے امیر اور وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان بن الجاسم الثانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ اس گفتگو میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو بھی شریک تھے۔

بیان کے مطابق یہ کال امریکی کوششوں کا حصہ تھی تاکہ قطر پر اسرائیلی حملے کے بعد کی کشیدہ صورتحال کو معمول پر لایا جا سکے۔ دوران گفتگو اسرائیلی وزیراعظم نے دوحہ پر حملے اور قطر کی خودمختاری کی خلاف ورزی پر معذرت کی۔ اس حملے میں ایک قطری شہری جاں بحق ہوا تھا۔

مزید کہا گیا کہ اسرائیل نے وعدہ کیا ہے کہ وہ دوبارہ کبھی بھی قطر کی سرزمین کو نشانہ نہیں بنائے گا۔ اس موقع پر امریکہ اور قطر نے دفاعی شراکت داری جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

قطر کے امیر و وزیراعظم نے ملکی سالمیت کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے اور مستقبل میں ایسی خلاف ورزیاں نہ ہونا انتہائی ضروری ہے۔

یاد رہے کہ ستمبر میں اسرائیل نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں فضائی حملہ کیا تھا جس میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ اس کارروائی میں انہوں نے "7 اکتوبر کے حملوں کے ذمہ داران" کو نشانہ بنایا۔

دوسری جانب حماس نے دعویٰ کیا کہ حملے میں ان کے مذاکراتی وفد کو نشانہ بنایا گیا تاہم وہ محفوظ رہے۔ رہائشی علاقے میں ہونے والے اس حملے کے بعد قطر نے اسرائیل پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اس کارروائی میں 15 لڑاکا طیاروں نے ایک ہی ہدف پر 10 بار بمباری کی۔ (بی بی سی نیوز)