📅 اتوار، 29-11-2026 فیس بک یوٹیوب
ڈیلی اکثریتDaily Aksriyat
سچائی کی آواز — تازہ ترین خبریں اور روزنامہ
تعلیمی خبریں

خصوصی بچوں کو معاشرے کا کارآمد اور خودمختار شہری بنایئنگے کمشنر مردان

🗓 29 Nov 2026
خصوصی بچوں کو معاشرے کا کارآمد اور خودمختار شہری بنایئنگے کمشنر مردان
مردان (نمائندہ خصوصی) کمشنر مردان محمد علی شاہ نے کہا ہے کہ خصوصی بچوں کو معاشرے کا کارآمد اور خودمختار شہری بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ مرکز سماعت و گویائی مردان کے بچوں اور بچیوں کی کھیلوں سمیت مختلف غیر نصابی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت اور صلاحیتیں قابلِ ستائش ہیں۔ ان بچوں میں اللہ تعالیٰ نے بے شمار خداداد صلاحیتیں رکھی ہیں، جنہیں مناسب مواقع اور توجہ دے کر مزید نکھارا جا سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز سماعت و گویائی مردان میں سالانہ سپورٹس ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں فاروق خان طورو، طارق امین، مردان پریس کلب کے جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمٰن ہوتی، شکیلہ فاروق خان اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
کمشنر مردان محمد علی شاہ نے کہا کہ خصوصی بچے معاشرے کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ ان کی تعلیم و تربیت، ذہنی و جسمانی نشوونما اور پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ خصوصی بچوں کو زندگی کے مختلف شعبوں میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں تاکہ وہ بھی معاشرے کے فعال اور مفید شہری بن سکیں۔
انہوں نے مرکز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں زیر تعلیم بچوں اور بچیوں کی کھیلوں کے مقابلوں میں دلچسپی اور نظم و ضبط قابلِ تحسین ہے۔ ادارے نے محدود وسائل کے باوجود خصوصی بچوں کی تعلیم، تربیت اور کردار سازی کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ادارے کو درپیش مسائل کے حل اور ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ادارے کو سولر سسٹم کی فراہمی کی ضرورت سے آگاہ ہیں اور اس سلسلے میں ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے تاکہ بجلی کی سہولت بہتر انداز میں میسر آسکے اور تعلیمی و تربیتی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہیں۔
تقریب کے دوران بتایا گیا کہ مرکز سماعت و گویائی مردان کا قیام 1984ء میں فاروق خان طورو کی کوششوں اور خدمات کی بدولت عمل میں آیا، جبکہ بعدازاں شاہین سیف اللہ طورو اور ایم پی اے ظاہر شاہ طورو کی کاوشوں اور تعاون سے ادارے کی نئی عمارت کی تعمیر ممکن ہوئی، جو خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔
اس موقع پر شکیلہ فاروق خان نے کہا کہ خصوصی بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت میں والدین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں اور بچیوں پر خصوصی توجہ دیں، ان کی حوصلہ افزائی کریں اور ان کی صلاحیتوں کو پہچان کر انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ والدین اور اساتذہ کی مشترکہ کوششوں سے خصوصی بچوں کو معاشرے کا بااعتماد اور خودمختار فرد بنایا جا سکتا ہے۔
سالانہ سپورٹس ڈے کے موقع پر بچوں اور بچیوں نے مختلف کھیلوں اور جسمانی سرگرمیوں میں حصہ لیا، جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔ تقریب کے اختتام پر بچوں کی حوصلہ افزائی کی گئی اور ادارے کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
اس موقع پر ادارے کے طلباء نے نے مختلف گیمز ہیش کئے
کمشنر مردان نے کامیاب ٹیموں میں ٹرافییاں تقسیم کیں