📅 جمعہ، 20-11-2026 فیس بک یوٹیوب
ڈیلی اکثریتDaily Aksriyat
سچائی کی آواز — تازہ ترین خبریں اور روزنامہ
تازہ ترین

گورنر سے سینئٹر حاجی دلاور خان کی قیادت میں یو سفزئی نڑیوالہ جرگہ کے مرکزی عہد یداروں کی ملاقات

🗓 18 Nov 2026
گورنر سے  سینئٹر حاجی دلاور خان کی قیادت میں یو سفزئی نڑیوالہ جرگہ کے مرکزی عہد یداروں کی ملاقات
پشاور ( نامہ نگار )گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے سینیٹر دلاور خان کی معیت میں یوسفزئی نڑیوالہ جرگہ کے چیئرمین جہان عالم خان یوسفزئی کی قیادت میں وفد نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ وفد نے ملک احمد بابا اور شیخ ملی بابا مزارات تک رسائی کے لیے سڑک کی تعمیر، مالاکنڈ ڈویژن کے عوام کو درپیش مسائل، امن و امان کی صورتحال اور مختلف ترقیاتی امور پر تفصیلی گفتگو کی۔
وفد نے مطالبہ کیا کہ محکمہ زراعت پہاڑی علاقوں میں زیتون کے پودے لگانے کا منصوبہ شروع کرے تاکہ مقامی معیشت کو فروغ ملے۔ انہوں نے تمباکو کے کاشتکاروں کو درپیش مسائل، ٹیکس کے معاملات اور تمباکو پالیسی کے لیے مؤثر اور باقاعدہ تجاویز کے نظام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وفد نے کہا کہ مالاکنڈ ڈویژن کے عوام نے ہمیشہ امن و امان کے قیام میں ریاست کا ساتھ دیا، تاہم اب انہیں مختلف نوعیت کے خطرات کا سامنا ہے، جن کے ازالے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ اس کے علاوہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کے فروغ اور سرکاری معاونت کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے وفد کے مطالبات کو غور سے سنتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حال ہی میں اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے حکام سے بھی ملاقات کی ہے اور صوبے میں چھوٹے کاروباروں کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات زیر غور ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مالاکنڈ ڈویژن سے متعلق ٹیکس سمیت دیگر مسائل متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں کے ساتھ زیر غور ہیں، اور عوامی فلاح و بہبود اور علاقائی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔