📅 جمعہ، 20-11-2026 فیس بک یوٹیوب
ڈیلی اکثریتDaily Aksriyat
سچائی کی آواز — تازہ ترین خبریں اور روزنامہ
تازہ ترین

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سارہ تواب کی زیر صدارت انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے ماہانہ اجلاس، مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت

🗓 18 Nov 2026
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سارہ تواب کی زیر صدارت انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے ماہانہ اجلاس، مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سارہ تواب کی زیر صدارت انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے ماہانہ اجلاس، مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت

**متعلقہ محکموں کو ٹائر شاپس اور کباڑ خانوں کی روزانہ چیکنگ، گھروں اور دفاتر کی مسلسل سرویلنس اور انسدادِ ڈینگی مہم پر سختی سے عملدرآمد کا حکم**

مردان ( دانیال شمس سے)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محترمہ سارہ تواب کی زیر صدارت ڈینگی بخار کی روک تھام اور انسدادِ ڈینگی کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ماہانہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران پبلک ہیلتھ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شاہد اقبال نے شرکاء کو جاری انسدادِ ڈینگی مہم، ڈینگی بخار سے بچاؤ کے لیے کیے جانے والے احتیاطی اقدامات اور مختلف محکموں کی جانب سے ڈینگی مچھر کی افزائش روکنے کے لیے جاری سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈاکٹر شاہد اقبال نے انسدادِ ڈینگی حکمت عملی پر مؤثر عملدرآمد کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ڈینگی مچھر کی افزائش کے ممکنہ مقامات کی نشاندہی اور خاتمے کے لیے جاری سرویلنس اور احتیاطی اقدامات سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سارہ تواب نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ انسدادِ ڈینگی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اپنے اپنے دائرہ اختیار میں حفاظتی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹائر شاپس اور کباڑ خانوں کی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جائے کیونکہ ان مقامات پر جمع ہونے والا پانی ڈینگی مچھر کی افزائش کا سبب بن سکتا ہے۔ انہوں نے رہائشی گھروں، سرکاری اور نجی دفاتر کی مسلسل سرویلنس جاری رکھنے اور ڈینگی مچھر کی افزائش کے ممکنہ مقامات کو فوری طور پر ختم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مسلسل نگرانی، عوامی آگاہی، محکموں کے درمیان باہمی رابطے اور بروقت حفاظتی اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں کو باقاعدگی اور مؤثر انداز میں جاری رکھیں تاکہ شہریوں کی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔