📅 جمعہ، 20-11-2026 فیس بک یوٹیوب
ڈیلی اکثریتDaily Aksriyat
سچائی کی آواز — تازہ ترین خبریں اور روزنامہ
تازہ ترین

چینی سیاح کا تخت بھائی کے تاریخی بدھ مت خانقاہ کا دورہ، قدیم تہذیب و ثقافت سے متاثر، تاریخی ورثے کی تعریف

🗓 18 Nov 2026
چینی سیاح کا تخت بھائی کے تاریخی بدھ مت خانقاہ کا دورہ، قدیم تہذیب و ثقافت سے متاثر، تاریخی ورثے کی تعریف
چینی سیاح کا تخت بھائی کے تاریخی بدھ مت خانقاہ کا دورہ، قدیم تہذیب و ثقافت سے متاثر، تاریخی ورثے کی تعریف

یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل تخت بھائی خانقاہ کی تاریخی اہمیت اور تعمیراتی شاہکار دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گئے، چین سے آئے سیاح نے دورے کے بعد اپنے تاثرات کا اظہار کر دیا

مردان (ہد ایت الر حمن ہو تی) خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں واقع بدھ مت کے قدیم تاریخی آثار تخت بھائی خانقاہ کی عالمی سطح پر اہمیت اور سیاحتی کشش میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ چین سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح نے تاریخی تخت بھائی خانقاہ کا دورہ کیا اور یہاں موجود قدیم تہذیبی ورثے، تاریخی عمارتوں اور بدھ مت دور کی شاندار تعمیراتی طرز کو دیکھ کر اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔

چینی سیاح نے اپنے دورے کے دوران تخت بھائی کے تاریخی آثار کا مشاہدہ کیا اور اس مقام کی تاریخی و ثقافتی اہمیت میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے اس قدیم خانقاہ کے مختلف حصوں کو دیکھا اور اس تاریخی ورثے کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ سیاح نے اپنے تاثرات میں تخت بھائی کے دورے کو ایک یادگار تجربہ قرار دیتے ہوئے اس مقام کی تاریخی اہمیت کو سراہا۔

واضح رہے کہ تخت بھائی بدھ مت تہذیب کا ایک انتہائی اہم تاریخی مرکز ہے، جو پہلی صدی عیسوی میں قائم ہوا اور کئی صدیوں تک بدھ مت کے مذہبی، تعلیمی اور روحانی مرکز کی حیثیت سے نمایاں رہا۔ پہاڑی کی بلندی پر واقع اس خانقاہ میں عبادت گاہیں، بدھ مت کے راہبوں کی رہائش گاہیں، اسٹوپے، صحن اور دیگر قدیم تعمیراتی آثار آج بھی اس دور کی عظمت اور فن تعمیر کی عکاسی کرتے ہیں۔
تخت بھائی کے آثار کو 1980ء میں یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کیا گیا، جو پاکستان بالخصوص مردان اور خیبر پختونخوا کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔
تاریخی ماہرین کے مطابق تخت بھائی نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی مشترکہ تہذیبی تاریخ کا ایک اہم حصہ ہے۔ یہاں آنے والے غیر ملکی سیاحوں کی دلچسپی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کا تاریخی اور ثقافتی ورثہ عالمی سطح پر اپنی منفرد شناخت رکھتا ہے۔
چینی سیاح کا یہ دورہ پاک چین عوامی روابط، ثقافتی تبادلوں اور پاکستان میں تاریخی سیاحت کے فروغ کے حوالے سے بھی اہمیت کا حامل ہے۔ تخت بھائی جیسے تاریخی مقامات کی بہتر تشہیر، تحفظ اور سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی سے پاکستان میں بین الاقوامی سیاحت کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔