📅 جمعرات، 15-10-2026 فیس بک یوٹیوب
ڈیلی اکثریتDaily Aksriyat
سچائی کی آواز — تازہ ترین خبریں اور روزنامہ
تعلیمی خبریں

سونیا شاہ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام فنڈ ریزنگ ڈنر، پاکستانی بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لئے فنڈ ریزنگ ڈنر کااہتمام

🗓 12 Oct 2026
سونیا شاہ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام فنڈ ریزنگ ڈنر، پاکستانی بچیوں کی تعلیم کے فروغ  کے لئے فنڈ ریزنگ ڈنر کااہتمام
سونیا شاہ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام فنڈ ریزنگ ڈنر، پاکستانی بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لئے فنڈ ریزنگ ڈنر کااہتمام پاکستانی بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے خدمات پر ادارے کے منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا

پاکستانی قونصل جنرل کی تقریب میں شرکت، تعلیم کے بغیر معاشرتی ترقی ممکن نہیں، سونیا شاہ آرگنائزیشن نے خیبر پختونخوا میں ہزاروں بچیوں کو معیاری تعلیم فراہم کی ہے، ارم شاہ؛ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اوورسیز پاکستانیوں کا تعاون ناگزیر ہے، ڈاکٹر اسد شاہ

شکاگو (امریکہ) (نمائندہ خصوصی) سونیا شاہ ارگنائز یشن کے زیرِ اہتمام شکاگو میں فنڈ ریزنگ ڈنر کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں شکاگو میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سونیا شاہ فاؤنڈیشن کی سی ای او، ممتاز سماجی شخصیت اور کاروباری خاتون ارم شاہ، معروف معالج اور صحت کور ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر اسد شاہ، بورڈ آف گورنرز کی ممبر اور ممتاز کاروباری خاتون ناز شاہ سمیت دیگر اہم کاروباری، سماجی اور کمیونٹی شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کا بنیادی مقصد پاکستان، بالخصوص خیبر پختونخوا میں بچیوں کی معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے جاری کوششوں کو مزید مستحکم کرنا اور اس سلسلے میں اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے تعاون کو بڑھانا تھا۔ شرکاء نے بچیوں کو بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور تعلیم کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے مشترکہ کاوشوں کی اہمیت پر زور دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شکاگو میں پاکستانی قونصل جنرل نے پاکستان میں بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے سونیا شاہ آرگنائزیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔ تعلیم کے بغیر معاشرتی ترقی کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکتا، جبکہ بچیوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی سے نہ صرف خاندان بلکہ پورا معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے کام کرنے والی تنظیمیں قابلِ تحسین ہیں اور اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے اپنے وطن کے تعلیمی اداروں اور فلاحی منصوبوں میں سرمایہ کاری ایک مثبت اور قابلِ تقلید اقدام ہے۔
سونیا شاہ فاؤنڈیشن کی سی ای او ارم شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سونیا شاہ آرگنائزیشن نے خیبر پختونخوا میں ہزاروں بچیوں کو معیاری تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچیوں کو تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ تعلیم یافتہ لڑکیاں مستقبل میں ایک باشعور، مضبوط اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔
ارم شاہ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے تعاون سے چارسدہ میں قائم طالبات کا تعلیمی ادارہ مسلسل ترقی کر رہا ہے اور اس کی تعلیمی سرگرمیوں اور سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے تعلیم کے شعبے میں تعاون نہ صرف قابلِ قدر ہے بلکہ اس سے پاکستان کے مستقبل کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملتی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سونیا شاہ آرگنائزیشن بچیوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی، ان کے لیے بہتر تعلیمی ماحول کی تشکیل اور تعلیمی سہولیات میں اضافے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس سلسلے میں تعاون کرنے والے تمام افراد اور اداروں کی خدمات کو سراہا۔
معروف معالج اور صحت کور ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر اسد شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں پائیدار ترقی اوورسیز پاکستانیوں کے تعاون کے بغیر مشکل ہے۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنے تجربے، وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے وطن عزیز میں انسانی ترقی کے منصوبوں کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کسی بھی قوم کی ترقی کے بنیادی ستون ہیں اور ان شعبوں میں سرمایہ کاری دراصل آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان میں تعلیمی اور صحت کے شعبوں کی بہتری کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز کاروباری خاتون اور بورڈ آف گورنرز کی ممبر ناز شاہ نے کہا کہ بچیوں کو بہتر تعلیمی ماحول، معیاری تعلیم اور ضروری سہولیات فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سونیا شاہ آرگنائزیشن اس اہم مقصد کے لیے قابلِ ستائش خدمات انجام دے رہی ہے، جبکہ ایسے فلاحی اقدامات کی کامیابی کے لیے مخیر حضرات، کاروباری شخصیات اور اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کا تعاون انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ فنڈ ریزنگ ڈنر جیسی تقریبات سے نہ صرف تعلیمی منصوبوں کے لیے وسائل جمع کرنے میں مدد ملے گی بلکہ پاکستان میں بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے شعور اور اجتماعی ذمہ داری کے احساس کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جبکہ محفلِ موسیقی بھی منعقد ہوئی، جس میں شرکاء نے بھرپور دلچسپی لی۔ تقریب کو پاکستان میں بچیوں کی تعلیم کے فروغ اور اوورسیز پاکستانیوں کے فلاحی کردار کو اجاگر کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔