تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا میڈم حلیمہ //ک
🗓 28 Oct 2026
مردان۔ڈبلیو ایس ایس سی ایم کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر میڈم حلیمہ نے کہا ہے کہ تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گاجبکہ مردان شہر کی ترقی، خوشحالی اور صفائی کی صورتحال میں مزید بہتری کے لیے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی تنظیم تاجران کے صوبائی جنرل سیکرٹری ظاہر شاہ کی قیادت میں آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں مردان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر سربلند خان، سابق صدر حاجی محمد اویس، صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر غلام سرور صراف، شاہد خان، صاحبزادہ اور دیگر تاجر رہنما شامل تھے۔میڈم حلیمہ نے کہا کہ مردان شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کے لیے ڈبلیو ایس ایس سی ایم اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہی ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے تاجر برادری اور شہریوں کا تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر میں صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔اس موقع پر مرکزی تنظیم تاجران کے صوبائی جنرل سیکرٹری ظاہر شاہ نے بازاروں میں صفائی کی صورتحال میں نمایاں بہتری کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر صفائی کا یہ سلسلہ اسی تسلسل کے ساتھ جاری رہا تو مردان بہت جلد صفائی کے حوالے سے ایک مثالی شہر بن سکتا ہے۔انہوں نے ڈبلیو ایس ایس سی ایم کی نئی چیف ایگزیکٹیو آفیسر میڈم حلیمہ کی تعیناتی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور یقین دلایا کہ مردان شہر کو صاف ستھرا رکھنے اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے تاجر برادری کمپنی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ باہمی مشاورت اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے مردان کو ایک صاف ستھرا، خوبصورت اور ترقی یافتہ شہر بنانے کا ہدف حاصل کیا جا سکے گا۔