📅 جمعرات، 15-10-2026 فیس بک یوٹیوب
ڈیلی اکثریتDaily Aksriyat
سچائی کی آواز — تازہ ترین خبریں اور روزنامہ
سیاسی صورتحال

ٹرمپ کی پالیسیوں کی بدولت ملک کی معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے ۔ساجد تارڑ

🗓 15 Sep 2026
ٹرمپ کی پالیسیوں کی  بدولت ملک کی معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے ۔ساجد تارڑ
واشنگٹن (فضل خالق سے)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی، ممتاز ریپبلکن رہنما اور پاکستانی نژاد امریکی سیاسی شخصیت ڈاکٹر ساجد تارڑ نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی معاشی، صنعتی اور امیگریشن پالیسیوں کو امریکی عوام میں غیر معمولی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، جبکہ مڈٹرم انتخابات کے پیش نظر ریپبلکن قیادت ملک کی اقتصادی ترقی، روزگار کے مواقع اور صنعتی بحالی کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھے ہوئے ہے۔

ڈاکٹر ساجد تارڑ نے ایک خصوصی گفتگو میں کہا کہ صدر ٹرمپ کی قیادت میں امریکہ کو معاشی طور پر مزید مضبوط، خود کفیل اور صنعتی اعتبار سے مستحکم بنانے کے لیے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف معاشی تجاویز اور عوامی مراعاتی پروگراموں میں امریکی شہریوں کی دلچسپی مسلسل بڑھ رہی ہے، جبکہ امیگریشن سے متعلق متعارف کرائی گئی بعض پالیسیوں اور پروگراموں میں ایک لاکھ سے زائد افراد دلچسپی کا اظہار کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کا بنیادی وژن امریکی معیشت کو نئی رفتار دینا، صنعتوں کو فروغ دینا اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔ اگر عوام کی مالی استطاعت میں اضافہ ہوتا ہے تو اس کے براہِ راست مثبت اثرات مارکیٹ، کاروباری سرگرمیوں اور صارفین کے اعتماد پر مرتب ہوں گے۔ زیادہ خریداری سے مقامی کاروبار مضبوط ہوں گے، سرمایہ کاری بڑھے گی اور مینوفیکچرنگ انڈسٹری کو نئی توانائی ملے گی۔

ڈاکٹر ساجد تارڑ نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ امریکہ کو عالمی معاشی مسابقت میں اپنی برتری برقرار رکھنے کے لیے صنعتی پیداوار میں اضافہ اور مقامی کاروباروں کی حوصلہ افزائی ناگزیر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اقتصادی ترقی اور صنعتی توسیع کو قومی پالیسی کا اہم جزو بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بڑے عوامی اجتماع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ نے تقریباً ایک گھنٹہ بیس منٹ طویل خطاب میں معیشت، امیگریشن، توانائی، روزگار، قومی سلامتی اور امریکہ کے مستقبل سے متعلق اپنی پالیسیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ان کے مطابق اس خطاب میں صدر ٹرمپ نے “امریکہ کو مزید عظیم اور مضبوط بنانے” کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ملکی ترقی کے لیے اپنی ترجیحات واضح کیں۔

ڈاکٹر ساجد تارڑ نے کہا کہ امریکی عوام کی بڑی تعداد اقتصادی استحکام، مہنگائی میں کمی، روزگار کے بہتر مواقع اور کاروباری ترقی جیسے مسائل کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے، اور ریپبلکن قیادت انہی نکات کو اپنی انتخابی حکمت عملی کا بنیادی حصہ بنا رہی ہے۔

عالمی توانائی کی صورتحال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر ساجد تارڑ نے کہا کہ پاکستان اپنی تیل کی ضروریات کا ایک بڑا حصہ سعودی عرب، کویت اور متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک سے حاصل کرتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آنے والے ہفتوں میں عالمی حالات اور توانائی کی منڈیوں میں استحکام پیدا نہ ہوا تو اس کے اثرات پاکستان سمیت متعدد ترقی پذیر ممالک پر مرتب ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی معیشت اس وقت غیر یقینی صورتحال سے گزر رہی ہے اور توانائی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کئی ممالک کے لیے چیلنج بن سکتا ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ امریکہ کی اقتصادی پالیسیوں اور عالمی سطح پر جاری سفارتی کوششوں کے نتیجے میں عالمی منڈیوں میں استحکام پیدا ہوگا، جس سے نہ صرف امریکی معیشت بلکہ دنیا کے دیگر ممالک کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

ڈاکٹر ساجد تارڑ کے مطابق آنے والے مہینوں میں امریکی سیاست، معیشت اور امیگریشن پالیسیوں سے متعلق فیصلے نہ صرف امریکہ بلکہ عالمی سطح پر بھی گہرے اثرات مرتب کریں گے، جبکہ مڈٹرم انتخابات سے قبل اقتصادی کارکردگی اور عوامی اعتماد اہم سیاسی عوامل کے طور پر سامنے آئیں گے