📅 منگل، 16-06-2026 فیس بک یوٹیوب
ڈیلی اکثریتDaily Aksriyat
سچائی کی آواز — تازہ ترین خبریں اور روزنامہ
کھیل کے میدان

پاکستانی بہنیں ماہنور اور سحرش علی کو نیویارک میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل کی جانب سے شاندار اسکوائش کارکردگی پر اعزاز

🗓 18 Sep 2025
پاکستانی بہنیں ماہنور اور سحرش علی کو نیویارک میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل کی جانب سے شاندار اسکوائش کارکردگی پر اعزاز
قونصلیٹ جنرل آف پاکستان، نیویارک نے آج پاکستان کی کھیلوں کی دو ابھرتی ہوئی ستاروں، ماہنور علی اور سحرش علی، کی بین الاقوامی اسکوائش میں شاندار کامیابیوں کو سراہنے اور خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ان کی میزبانی کی۔

حالیہ دنوں میں، ماہنور اور سحرش نے امریکہ کے شہر بالٹی مور، میری لینڈ میں ستمبر 2025 کے دوران منعقدہ یو ایس ساؤتھ ایسٹ جونیئر گولڈ اسکوائش سرکٹ 2025 میں شاندار کھیل پیش کر کے نمایاں مقام حاصل کیا، جہاں دونوں بہنیں فائنل میں آمنے سامنے آئیں۔ اس مقابلے میں ماہنور علی نے فتح حاصل کر کے چیمپئن شپ ٹائٹل جیتا جو ان کا 22واں بین الاقوامی گولڈ میڈل ہے، جبکہ ان کی چھوٹی بہن سحرش علی نے سلور میڈل حاصل کیا۔

یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ ان باصلاحیت بہنوں نے اس قدر اعلیٰ سطح پر ایک دوسرے کے خلاف کھیل پیش کیا ہو۔ رواں سال مئی 2025 میں بھی، سحرش علی نے یو ایس اے جونیئر ویمنز گولڈ اسکوائش چیمپئن شپ جیت کر اپنی بڑی بہن کو سخت مقابلے کے بعد شکست دی، جو دونوں بہنوں کے عزم، محنت اور اعلیٰ کھیل کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

قونصل جنرل مسٹر عامر احمد آتوزئی نے ماہنور اور سحرش کا قونصلیٹ میں خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی اور ان کی لگن، محنت اور پاکستان کا نام عالمی کھیلوں کے میدان میں روشن کرنے پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کامیابیاں پاکستان اور دنیا بھر میں موجود پاکستانی نژاد نوجوان کھلاڑیوں کے لیے باعثِ تحریک ہیں۔

قونصلیٹ جنرل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ نوجوان پاکستانی ٹیلنٹ کو کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں معاونت اور حوصلہ افزائی فراہم کرتا رہے گا۔ ساتھ ہی ماہنور اور سحرش علی کی کامیابیوں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے ان کے کھیلوں کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔